ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / دہلی میں فضائی آلودگی میں دوبارہ اضافہ، اے کیو آئی 200 سے تجاوز

دہلی میں فضائی آلودگی میں دوبارہ اضافہ، اے کیو آئی 200 سے تجاوز

Sun, 08 Dec 2024 11:46:10  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 8/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)ہفتہ کی صبح دہلی میں دھند کی موجودگی کے باعث ہوا کے معیار میں تھوڑا اضافہ ہوا ہے، جس سے ایئر کوالیٹی انڈیکس ایک بار پھر 200 سے زیادہ پہنچ گیا ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق دھند کے ساتھ ہوا کی رفتار بھی کم رہی، جس کی وجہ سے اے کیو آئی بڑھا ہے۔ آنے والے اتوار اور پیر کی صبح بھی ہوا کا معیار خراب زمرے میں رہنے کا امکان ہے، اور کہرا بڑھنے سے منگل کو اے کیو آئی 300 سے تجاوز کر سکتا ہے۔

سی پی سی بی کے مطابق 3 دسمبر کو دہلی کا اے کیو آئی خراب زمرے میں 268 تھا۔ اس کے بعد یہ گھٹ کر 200 سے نیچے آ گیا۔ ایک دن پہلے اے کیو آئی درمیانے زمرے میں 197 تھا لیکن ہفتہ کو دہلی میں بڑھ کر 233 پر پہنچ گیا۔

شادی پور میں اے کیو آئی سب سے زیادہ 318 اور آنند وِہار میں 310 درج کیا گیا۔ دہلی کے 38 آلودگی نگرانی مراکز میں سے صرف 4 مقامات پر ہی اے کیو آئی 200 سے کم رہا، جس میں آیا نگر، احباس، لودھی روڈ اور این ایس آئی ٹی دوارکا شامل ہیں۔ دن میں درجہ حرارت زیادہ ہونے پر لوگوں کو سانس لینے میں دقت کم ہوئی ہے۔ سی پی سی بی کے افسروں کا ماننا ہے کہ ہوا کی رفتار 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلی تھی، جس کی وجہ سے آلودگی زیادہ تیزی سے نہیں بڑھ پائی۔

سوئس کمپنی کے آئی کیو ایئر ایپ نے ہفتہ کی صبح دہلی کا اے کیو آئی 206 بتایا۔ بعد میں دھند چھٹا اور دہلی کی ہوا میں کچھ سدھار ہوا۔ سی پی سی بی کے مطابق دہلی کے ماحولیات میں پی ایم-10 کی زیادہ سے زیادہ سطح 183.7 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی جو عام معیاری سطح (100 مائیکروگرام فی مکعب میٹر) سے دو گنا کے قریب ہے۔ وہیں پی ایم-2.5 کی زیادہ سے زیادہ سطح 90.5 مائیکروگرام فی مکعب میٹر رہی۔


Share: